ملتان ،ٹرانس جینڈرسکول کے طلبہ کو ہنر مند بنانے کے لیے جدید ووکیشنل لیب کاافتتاح

53

ملتان۔6مارچ  (اے پی پی):ملتان میں قائم پاکستان کے  پہلے ٹرانس  جینڈرسکول کے طلبہ کو ہنر مند بنانے کے لیے جدید ووکیشنل لیب کاافتتاح، سیکرٹری  سکول  ایجوکیشن جنوبی  پنجاب قیصر سلیم  نے  کمشنر بہاول پورڈویژن ڈاکٹراحتشام  انور کے  ہمراہ  لیب کا افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے دو سال قبل ملتان میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول کی بنیاد رکھی تھی، اس دوران ٹرانس جینڈر طلبہ کی کثیر تعداد نے نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات میں شرکت کی اور نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں، ٹرانس جینڈر سکول میں زیر تعلیم اور امتحان پاس کرنے والے طلبہ کے لیے روزگار کے دروازے کے دروازے کھولنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی معاونت سے جدید ووکیشنل لیب قائم کی، اس ووکیشنل لیب میں ٹرانس جینڈر سکول کے طلبہ کو ٹیلرنگ، انڈسٹریل ٹیلرنگ، بیوٹی پارلر، مارکیٹنگ اور دیگر کورسز سکھائے جائیں گے اور ان کی عملی تربیت کی جائے گی۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے کمشنر  بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کے  ہمراہ   گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت میں قائم ٹرانس جینڈر  سکول  کی  ووکیشنل لیب کا افتتاح کیا،  افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری  سروش فاطمہ،ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اورحنا چوہدری سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے دیگر  افسران شریک تھے۔