اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے ”ایجوکیشن پارلیمنٹرین کاکس پاکستان“ کیلئے ایس او پیز اور ٹرمز آف ریفرنس وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ڈی جیز کے اہداف کے حصول اور تعلیم کو مزید فروغ دینے کیلئے ”ایجوکیشن پارلیمنٹرین کاکس پاکستان“ کا افتتاح سینیٹ آف پاکستان کا اہم قدم ہے، آئین کے آرٹیکل 25-اے کےتحت تمام بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سینیٹ سیکریٹریٹ بلاک-سی میں ”ایجوکیشن پارلیمنٹرین کاکس پاکستان“ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سینیٹر ثناء جمالی ”ایجوکیشن پارلیمنٹرین کاکس پاکستان“ کی کنوینئر ہوں گی ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افتتاح کے بعد اب کاکس کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں کے ساتھ تعاون کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی ڈونرز کو ساتھ لے کر چلا جائے، اب صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، صوبوں میں اس پر عملدرآمد ہوگا تو یہ پاکستان اور سینیٹ کیلئے اچھا ہے اور کہا کہ کاکس اپنے ”ٹی اور آرز“ بنائے اور نمائندے منتخب کرے، ہم تمام صوبوں کے چیف منسٹرز کو بھیجیں گے۔
انہوں نے کاکس کو صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کی تجویز دی اور کاکس میں ماہرین کو شامل کرنے پر بھی زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، صوبائی رابطہ کو بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر سینیٹرز ذیشان خانزادہ، لیاقت خان ترکئی، ثناء جمالی کے علاوہ ایم این اے زبیدہ جلال اور سیکرٹری سینیٹ قاسم صمد خان اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔











