پشاور۔ 07 مارچ (اے پی پی):آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں پولیس کاسروس سٹرکچر صوبائی حکومت کوبھیج دیاگیا ہے، خیبر پختونخوا پولیس کے لیے چند ماہ سے دہشت گردی کاایک بڑاچیلنج ہے، سی ٹی ڈی میں نئے افسران لگائے گئے ہیں جبکہ مختلف ریجنز میں سی ٹی ڈی کی توسیع کردی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کلب میں ”میٹ دی پریس” میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اورصحافیوں کے در میان گہرارشتہ ہے، دونوں کاایک مقصدہے کہ لوگوں کوبہترمعاشرہ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے لیے چندماہ سے دہشت گردی کاایک بڑاچیلنج ہے، ہم نے سی ٹی ڈی کاصوبہ بھر میں ازسرنو جائزلیا ہے، سی ٹی ڈی میں ہم نے نئے افسران لگائے ہیں اورمختلف رینجزمیں سی ٹی ڈی کو توسیع دی ہے۔
آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ختر حیات خان گنڈاپور نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پولیس کاسروس سٹرکچر صوبائی حکومت کوبھیج دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس لائن مسجد دھماکہ کے گروپ کوبے نقاب کردیاہے۔
آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ انتخابات کے لیے سیکورٹی سے متعلق سابق آئی جی جواب دے چکاہے۔پشاورکے مخصوص ایریاکوہم نے ریڈزون ڈیکلئیر کردیاہے،ان علاقوں میں لوگ مختلف کام کے حوالے سے آتے ہیں، جہاں سیف سٹی کیمرے ہوتے ہیں،وہاں سٹریٹ کرائم کیسزکم رپورٹ ہوتے ہیں، پرائیویٹ لوگوں سے بھی کہوں گاکہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں۔
ایک سوال کے جواب میں آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ جس پولیس ملازم کونوکری سے برخا ست کیا گیا تھااس کی اپیل لے لی گئی ہے۔











