ملتان؛  خواتین کی  موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی تربیت مکمل،سی ٹی او راؤ نعیم شاہد نے پاس آؤٹ خواتین میں سرٹیفکیٹ کی تقسیم

27

ملتان، 07 مارچ (اے پی پی ):  حکومت پنجاب کی جانب سے وومن آن وہیل پراجیکٹ کے تحت سٹی ٹریفک پولیس کی معاونت سے خواتین کی  ڈرائیونگ کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔

 اس حوالے سے باقاعدہ تقریب کا انعقاد وومن آن وہیل ٹریننگ سنٹر فاطمہ جناح ٹاؤن میں کیا گیا۔جس میں سی ٹی او ملتان راؤ نعیم شاہد اور ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین ڈرائیورز، ایجوکیشن یونٹ اوروومن آن وہیل پراجیکٹ ملتان کی ٹیم نے شرکت کی۔

 2016 سے پنجاب حکومت نے خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے پروگرام شروع کیاہوا ہے۔ اب تک 1800 سے زائد خواتین کو سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے سٹاف نے موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی کامیاب ٹریننگ دی ہے۔

سی ٹی او راؤ نعیم شاہد نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ یہ پراجیکٹ بچوں کو سکول چھوڑنے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں  بہت ضروری ہے،ہماری سپورٹ سے ہی خواتین مضبوط ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاندان کی پرورش اور مضبوط کرنے کے لیے خواتین کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔

سی ٹی او نے پاس آؤٹ ہونیوالی خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔تقریب کے شرکاء نے اس پراجیکٹ کے حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس کی خدمات کو سراہا۔

 تقریب کے اختتام پرسی ٹی او ملتان اورلیڈی انسٹرکٹر لیڈی ٹریفک وارڈنز اور بائیک کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین نے موٹر سائیکل ریلی میں شرکت کی۔