اسلام آباد، 7 مارچ (اے پی پی ):وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر وزارت داخلہ میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔تقریب کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی زندگی مختلف مراحل پر مشتمل ہوتی ہے اور ان مراحل کو احسن طریقے سے مکمل کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوسف نسیم صاحب نے اپنی سروس کے مرحلے کو انتہائی پروقار طریقے سے مکمل کیا اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نمٹایاہے۔
وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو سراہا۔انہوں نے سیکریٹری داخلہ کی آئندہ زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور تقریب کے انعقاد پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے فرائض کی سرانجام دہی میں وزیر داخلہ کی راہنمائی اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ کو اعزازی شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے۔تقریب میں وزارت داخلہ کے اعلی افسران اور ذیلی اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔











