فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 26ویں کانووکیشن کا انعقاد

24

فیصل آباد  07  مارچ (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 26ویں کانووکیشن کا انعقادکیا گیا۔ جس میں 226  طلبہ نے پی ایچ ڈی،12299طلبہ نے پوسٹ گریجوایٹ،5053طلبہ نے انڈر گریجوایٹ کی ڈگریاں حاصل کیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے 38طلبہ کو گولڈ میڈلز،118کو سلور اور 28طلبہ کو براؤنز میڈلز عطا کئے گئے۔کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بطور گورنر کے نمائندہ کی حیثیت سے کی۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کے ڈی گراونڈ میں منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم اسناد میں طلبہ کی ریکارڈ تعداد نے حصہ لیاجبکہ  2019 اور2020 میں فارغ التحصیل17578 طلبہ کو ڈگری سے نوازا گیاجو کہ اب تک منعقد ہونے والے جلسہ ہائے تقسیم اسناد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔واضح رہے کہ 26ویں جلسہ تقسیم اسناد میں 226سکالرز کو پی ایچ ڈی کی اعلیٰ تعلیم ڈگری سے نوازا گیا جو کہ تعداد کے لحاظ سے کسی بھی کانووکیشن میں سب سے زیادہ ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی میں تیس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن کے لئے یونیورسٹی وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون سے تمدنی سہولیات کا اہتمام کر رہی ہے بالخصوص ایک ہزار طالبات کیلئے نیا ہاسٹل تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کیلئے پانچ سہولت مراکز تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں ڈے سکالر طالبات اپنا وقت گزار سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملک کی زرعی درآمدات میں خاطر خواہ کمی لانے کیلئے سویا بین،گندم اور یو اے ایف 11جیسی جدید اقسام کے بیجوں پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی دشواریوں کے باوجود یونیورسٹی اپنے وسائل میں رہتے ہوئے طلبہ کو بھر پور تعلیمی و تحقیقی مواقع فراہم کر رہی ہے۔کانووکیشن میں بین الاقوامی ڈی ایٹ تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے سیکرٹری جنرل /سفیر اسیاقہ عبدالقادر امام، پاکستان اکیڈمی آف سائنسزکے صدرنشیں ڈاکٹر خالد محمود خاں،جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق،وائس چانسلر چولستان ویٹرنری یونیورسٹی ڈاکٹر محمد سجاد خاں،ایچ ای سی کے مشیر ڈاکٹر انوار گیلانی،یونیورسٹی سینئر ترین ایلومنائی حافظ عبدالقیوم و دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔کنٹرولر امتحانات انعام قادر خاں نے نقابت کے فرائض سر انجام دیئے۔