نواز شریف اور پاکستان ایک دوسرے  کےلئے لازم وملزوم ہیں، الیکشن کے ساتھ ساتھ احتساب بھی ہوگا، مریم نواز کا ورکرز کنونشن سے خطاب

73

فیصل آباد ۔10مارچ  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور پاکستان ایک دوسرے  کےلئے  لازم وملزوم ہیں، الیکشن ضرور ہوگا لیکن اس کے ساتھ احتساب بھی ہوگا،ہمیں صرف الیکشن لڑنا نہیں بلکہ جیت کر بھی دکھانا ہے،ملکی ترقی میں فیصل آباد کا بہت اہم کردار اورفیصل آباد میں ہونیوالا جلسہ ہمیشہ فیصلہ کن ہوتا ہے،2013 میں ملک میں لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی لیکن نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اورمسلم لیگ کے دور میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی مگرنواز شریف کے جاتے ہی ملکی ترقی کا پہیہ رک گیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کروڑوں مستحقین کو مفت آٹا فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ گھڑی چور نے اپنے دور میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیابلکہ عمران خان ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فسادی ہے،  نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا،انصاف کا معیار سب کیلئے برابر ہونا چاہیے ۔ وہ جمعہ کی شام الفتح گراؤنڈ سلیمی چوک فیصل آباد میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب، وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنا اللہ خان، طلال چوہدری، عابد شیر علی، کئی دیگر مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و شہری عہدیداران، ممبران قومی اسمبلی، سابق ممبران صوبائی اسمبلی اور بڑی تعداد میں لیگی ورکرز بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سستی روٹی اور بے شمار ترقیاتی منصوبے ملک کو دیئے،بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی، گھروں کی روشن کیا اور فیکٹریوں کی چمنیوں نے دھواں اگلنا شروع کیا مگر ایک سازش کے تحت ملکی ترقی کے دشمنوں نے نواز شریف کو نکال باہر کیا جس کے ساتھ ہی ملک بھی بحران در بحران کا شکار ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کا ملکی ترقی میں بہت بڑا حصہ ہے اسی لئے  میں اس شہر کو پاکستان کا کماؤ پوت کہتی ہوں ، یہی نہیں بلکہ میاں نواز شریف کہتے تھے کہ فیصل آباد کا جلسہ فیصلہ کن ہوتا ہے اورمجھے آج پتہ چلا جلسہ ہی نہیں ورکرز کنونشن بھی فیصلہ کن ہوتا ہے۔مریم نوازنے کہا کہ2013 میں نواز شریف کو حکومت ملی تو بجلی نہیں تھی،فیکٹریوں کی چمنیوں سے دھواں نہیں نکلتا تھا اور گھروں کے چولہے نہیں جلتے تھے لیکن پھر قوم نے دیکھا کہ22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی، گھرروشن ہوئے،فیکٹریاں چلیں اور گیس بھی آگئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور پاکستان کی ترقی شہ رگ اور سانسوں کی طرح جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف نواز شریف کو نہیں نکا لا گیا بلکہ بد تہذیب و نالائق، ناہل،  بددیانت شخص کو قوم پر مسلط کردیا گیا،  اس طرح جتنا بڑا جرم قوم کے ساتھ کیاگیا ، قوم  معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منشیات زدہ شخص کو قوم پر مسلط کر دیاگیا جس شخص کا معاشی  ویژن،انڈے مرغیاں،کٹے اور بھنگ کی کاشت تھا لیکن کہیں انڈے مرغیاں،کٹے تو نہیں  بلکہ بھنگ ہی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بزدل آدمی ہے اور  میں  عوام سے پوچھنا چاہتی ہوں  کہ  کیا غیور عوام کا لیڈر بزدل ہو سکتا ہے،کیا فیصل آباد کا لیڈر چور ہو سکتا ہے مگرہم نے عمران کی شکل میں لیڈر نہیں  بزدل  شخص  دیکھا ہے جس نے حفاظت کیلئے خواتین رکھی ہوئی ہیں۔