فیصل آباد۔10مارچ (اے پی پی):جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون شاعرہ سیماب سحر کے چوتھے مجموعہ کلام ’’کون تجھے سمجھائے شام‘‘ کی تقریب رونمائی اور پذیرائی کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں قومی اور عالمی شہرت یافتہ ادیبوں اور شاعروں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ ادبی فورم کی جانب سے جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون شاعرہ سیماب سحر کے چوتھے مجموعہ کلام ’’کون تجھے سمجھائے شام‘‘ کی تقریب رونمائی اور پذیرائی کا انعقاد عمر میرج ہال میں کیا گیا۔ تقریب کی نقابت محبوب سرمد اور صدارت عالمی شہر یافتہ ادیب اور شاعر پروفیسر سید وقار حیدر شاہ نے کی۔ تقریب میں صفیہ حیات ، مینال نعیم مجوکہ، فوزیہ جاوید،شیبا ذوالفقار اور مہوش ملک نے خصوصی شرکت اور خواتیں ادیبوں کی نمائندگی کی۔ دیگر شرکاء میں ریاض خلجی ، پروفیسر اعجاز احسن، میاں لطیف طاہر،آزاد نقیبی ، آصف سردار،جاوید کبیرجیدم،امانت زبیری،ڈاکٹر عارف محمود ، حنیف کھوکھر ، اسد اعوان ، علی ہانی اور صادقین بزمی سمیت ہر شعبہ زندگی کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں شرکاء نے مضامین گفتگو شاعرہ کو مجموعہ کلام طباعت و اشاعت پر مبارک باد پیش کی اور تعریفی اور تنقیدی مضامین پر مشتمل جائزہ پیش کیا۔ تقریب کی دوسری نشست میں مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں محفل میں شریک شاعروں نے اپنا تازہ کلام پیش کیا۔











