نگران وزیر اعلی پنجاب کا مفت آٹے کی فراہمی کیلئے قائم سنٹر کا دورہ، شہریوں کی تصدیق وآٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا

15

لاہور،19مارچ  (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی وفاقی اور پنجاب حکومت کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے خود میدان میں آگئے۔وزیراعلیٰ  نے اتوار کویہاں  ماڈل ٹائون کے سکول میں مفت آٹے کی فراہمی کے لئے قائم سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور سنٹر میں مفت آٹا لینے آئے شہریوں کی تصدیق اورآٹے کی فراہمی کے عمل کاجائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے سنٹر میں موجود مرد و خواتین سے مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے پوچھا اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو موقع پر ہی ہدایات دیں اور کہاکہ مفت آٹے کی فراہمی میں شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کی تصدیق سے لے کر آٹے کی فراہمی کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے، لمبی قطاریں نہیں لگنی چاہئیں، تمام عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ یہ نیک کام ہے، کوتاہی برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دورے سے انتظامیہ بھی لاعلم رہی۔