مظفرگڑھ؛ یوم پاکستان کی سلسلے میں تقریب،ڈپٹی کمشنر نے پرچم کشائی کی

9

مظفرگڑھ،23 مارچ (اے پی پی ): یوم پاکستان کی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کے ہمراہ ڈی سی آفس میں منعقدہ پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جھنڈے کی وجہ سے ہماری عزت اور شان ہے،پاکستان کا جھنڈا ہماری شناخت ہے۔ ہم سب کو اپنے ملک کیلئے احساسِ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں  نے کہا کہ عوام اپنے ملک کے ساتھ مخلص رہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔

 ڈی پی او رضا صفدر کاظمی  نے کہا کہ  23 مارچ کا دن جہدوجہد کی وجہ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے،ہم آج کے دن پاکستان کی آزادی کی تحریک کو دہراتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے۔

تقریب میں سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔سکول کے بچوں نے قوی ترانہ پڑھا اور ملک کی ترقی اور سلامتی کےلئے مولانا عبدالمعبود آزاد نے دعا کرائی۔

یوم پاکستان کی تقریب میں سول سوسائٹی سے ملک خیر محمد ، ام کلثوم سیال اور انجمن تاجران سے شیخ عامر سلیم ، چیف آفیسر اقبال خاکوانی، ڈی ایس او محمد کلیم خان اور پروفیسر افتخار ہاشمی نے بھی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس ،اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑہ ناصر شہزاد ڈوگر اور ایس ڈی پی او ریحان رسول بھی موجود تھے۔