لاہور،23مارچ (اے پی پی):پاک فضائیہ کےایک چاق و چوبند دستے نے ستلج رینجرز کی جگہ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر عظیم شاعر اور فلسفی علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تعیناتی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک نے مزار اقبال پر حاضری دی اور سربراہ پاک فضائیہ، ایئر مین اور سویلینز کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں بیس کمانڈر پی اے ایف بیس لاہور ایئر کموڈور تنویر احمد بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت ۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے تمام بیسز اور تنصیبات پر یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔دن بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز نمازِ فجر کے بعد پاکستان اور عالم اسلام کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔











