ملتان،24 مارچ(اےپی پی ): نشتر کالج آف نرسنگ کے زیرِ انتظام عالمی یوم ٹی بی (تپ دق) ڈے کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔ واک کا مقصد اس متعدی اور مہلک بیماری کے بارے عوام میں شعور بیدار کرنا اور علاج کی اہمیت سمیت احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
نشتر کالج آف نرسنگ سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی اور اس میں پرنسپل کالج آف نرسنگ میڈم طاہرہ پروین سمیت دیگر سینئر نرسنگ سٹاف نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹی بی کے پھیلاؤ سے متعلقہ پیغامات درج تھے۔
مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹی بی قابل علاج بیماری ہے،اس کے بروقت علاج سے مریض شفایاب ہو جاتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے خطاب میں اس مرض کو ایک مہلک بیماری گردانتے ہوئے اس کے تدارک اور سدباب کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کا پیغام دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی مکمل سکریننگ اور بروقت علاج سے اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس آگاہی واک کے انعقاد پر میڈم طاہرہ پروین پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ اور دیگر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقل بنیادوں پر ایسے آگاہی پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔











