مظفرگڑھ؛ڈپٹی کمشنر کی مفت آٹا پوائنٹ پر جاں بحق ہونے والی خاتون کے اہل خانہ سے تعزیت

30

مظفرگڑھ، 25 مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی تحصیل جتوئی میں مفت آٹا پوائنٹ پر جاں بحق ہونے والی خاتون زہرہ بی بی کے گھر پہنچ گئے،انہوں نے جاں بحق ہونے والی خاتون کے لواحقین سے تعزیت کی۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زہرہ بی بی کی موت کے حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا، انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو مفت آٹا پوائنٹس کو مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کو ہدایت کی کہ مفت آٹا پوائنٹس پر رش نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ مفت آٹا پوائنٹس پر بے جا رش نہ کیا جائے اور مستحقین بھی آٹے کی فراہمی کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

یاد رہے کہ آج صبح مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں مفت آٹا پوائنٹ پر رش اور دھکم پیل کی وجہ سے ایک ضعیف العمر خاتون زہرہ مائی زوجہ اللہ ڈتہ کی طبیعت خراب ہو گئی جو کچھ ہی دیر میں جاں بحق ہو گئی۔