اوکاڑہ،25مارچ(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے پنجاب حکومت مفت آٹا فراہمی کے پروگرام کے ذریعے مستحقین کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ریلیف فراہم کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کو عملی طور پر فائدہ مند بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرکٹ اسٹیڈیم اوکاڑہ،وائٹ پیلس اوکاڑہ، گوگیرہ،بصیرپور،کرکٹ سٹیڈیم دیپالپوراورحجرہ شاہ مقیم کے آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور آٹا پوائنٹس کے فوکل پرسنز کو بارش کے باو جود بہترین انتظامات کرنے پر شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹرڈ اہل افراد کو آٹا کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے، آٹے کے حصول کے لئے آنے والے لوگ ہمارے بہن بھائی ہیں ان کو کسی بھی مفت آٹا فراہمی پوائنٹ پر مشکل اور پریشانی نہیں ہونی چاہیے ۔
ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ عوامی خدمت میں کسی جگہ پر کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے، مفت آٹا سکیم میں خدمات سر انجام دینے والے سرکاری اہلکاران اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور غریب عوام کی دعائیں بھی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مفت آٹا فراہمی پوائنٹس پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ پوائنٹ پر فلور ملز کی جانب سے فراہم کئے گئے آٹے کے تھیلوں اور لوگوں کو دئیے گئے تھیلوں کی جانچ پڑتال کا عمل روزانہ کی بنیاد پر کریں۔











