لاہور،25مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سرائیکی زبان کے ممتاز شاعر شاکر شجاع آبادی نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے شاکر شجاع آبادی کو 23 مارچ کو ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ۔ملاقات کے دوران شاکر شجاع آ بادی نے گورنر پنجاب کو اپنا نیا کلام بھی سنایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ ہمارا فخر اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،آپ نے جس طرح اپنی شاعری کے ذریعے پسے ہوئے طبقات کے مسائل بیان کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں،آپ سرائیکی وسیب کا فخر ہیں۔
شاکر شجاع آبادی نے کہا کہ انہوں نے پانچ زبانوں میں شاعری کی ہے جن میں اردو، پنجابی ،سرائیکی ،میواتی اور ہریانوی زبانیں شامل ہیں ، ان کی مشہور شاعری مجموعے میں پیلے پت ،لہو دا عرق اور کلیات شاکر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی شاعری میں نے ہمیشہ انسانیت اور محبت کی بات کی ہے۔
اس موقع پر شاکر شجاع آبادی نے اپنے شاعری مجموعے کے کاپی رائٹس حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں بھی بتایا جس پر گورنر پنجاب نے ان کے مسئلے کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔











