اوکاڑہ، 26 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ سپیشل رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا کی فراہمی غریب لوگوں کو ریلیف دینے کا ایک بڑا پروگرام ہے جس سے محروم معیشت لوگوں کی مشکلات کم ہونگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان کے ہمراہ اوکاڑہ اسٹیدیم،وائٹ پیلس،حجرہ شاہ مقیم،دیپالپور،رینالہ خورد، منڈی احمد آباد،شیر گڑھ کے مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روزانہ کی بنیاد پر مفت آٹا فراہمی پوائنٹ پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری لانا ہے تاکہ آٹا لینے کے لئے آنے والے لوگوں کو کسی پریشانی،دقت یا مسئلہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لوگوں کی رہنمائی کے لئے بینرز اور پینا فلیکس لگانے کے ساتھ ساتھ ہر آٹا فراہمی پوائنٹ پر قائم کاؤنٹر ز پر بھی آگاہی فلیکس لگائے جائیں ،بار کوڈ والے شناختی کار ڈجو جلد سکین ہو جاتے ہیں ان کے لئے الگ سے کاؤنٹر بنایا جائے تاکہ لوگ جلد اور آسانی سے آٹا حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مفت آٹا فراہمی پوائنٹس پر خدمات سر انجام دینے والے افسران اور اہلکاران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے جذبہ سے سر شار ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ رمضان المبارک میں مخلوق خدا کی خدمت بہت بڑے اجر و ثواب کا باعث ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کی تمام فلور ملز کی جانب سے فراہم کئے جانے والے آٹے کی بہترین کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لئے نگرانی کے عمل کا تسلسل جاری رکھیں۔











