نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ،مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ

23

 لاہور27مارچ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ کیا اور مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مرد و خواتین سے آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ مرد و خواتین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں۔ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے اور سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو عزت کے ساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرز پر بدنظمی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ سنٹرز پر آنے والے شہریو ں کو گائیڈ کیاجائے اور چکر نہ لگوائے جائیں۔ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخو ں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔ محسن نقوی نے بعض مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی خود تصدیق کرائی اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا اور کہا کہ 29 مارچ سے سنٹرز پر ایک تھیلا حاصل کرنے والے خاندان کو آئندہ بیک وقت 20 کلو آٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی او رپنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان ریلیف پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہاہے۔