لاہور،28مارچ (اے پی پی): ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا نازیہ جبیں سے ڈائریکٹر ترکش کلچرل سنٹر ایرن سوگلو نے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے ۔دونوں عہد یداروں کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں دوطرفہ ادبی و ثقافتی تعلقات کو مضبوط تر بنانے کا اعادہ کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا نازیہ جبیں نے ڈائریکٹر ترکش کلچرل سنٹر ایرن سوگلو کو الحمرا میں خوش آمدیدکہا۔نازیہ جبیں نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمرا ترکش مصوروں کے کام پر مبنی عظیم الشان نمائش کی میزبانی کرے گا،الحمرا کے لئے اسلامی فن و ثقافت کی ترویج و ترقی اعزاز کی بات ہے۔
ڈائریکٹر ترکش کلچرل سنٹر ایرن سوگلو نے الحمرا کو آرٹ کے اظہار کا بہترین مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمرا پاکستان اور ترکش آرٹ کے تبادلے کا مثالی پلیٹ فارم ہے۔
ملاقات میں الحمرا اور ترکش کلچرل سنٹر کے درمیان ایم او یو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر ایگزیکٹوڈائریکٹر نازیہ جبیں نے ایرن سوگلوکو سوونیئر دیا۔











