احمدپورشرقیہ،05 اپریل (اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر سمیرا ربانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انسانی سمگلنگ و انسداد جبری مشقت کے حوالہ سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکواٹر سمیرا ربانی نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران ہیومن ٹریفکنگ اور جبری مشقت کے انسداد کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت کے خاتمہ کے حوالہ سے سیمینار اور ٹریننگ پروگرام ترتیب دیے جائیں۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت کے خاتمہ کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ظفر حسین، سوشل ویلفیئر آفیسر تنزیلہ رانی، انچارج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نوشابہ ملک،سماجی تنظیم کے نمائندگان صابر فرحت، عزیز الرحمن، محکمہ پولیس، پراسیکیوشن، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔











