احمدپورشرقیہ، 05 اپریل (ٓے پی پی ):کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ تینوں اضلاع کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے، شہریوں میں صحت و صفائی کے رحجانات کے فروغ کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
بدھ کو یہاں اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا، پبلک پارکس کو مزید بہتر بنانے کے لیے تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا اور تاریخی عمارات کی تزئین و آرائش اور از سرِ نو لائٹننگ کے ذریعے خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا۔
کمشنرڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ٹریفک سگنلز کو فعال بنایا جائے گا اور ٹریفک کے مسائل کو حتی المقدور کم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے بھرپور مہم شروع کی جائے گی، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے پارکس اور کھیل کے میدانوں کو سہولیات سے مزین کرکے مزید پرکشش کیا جائے گا۔
تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے ضلعوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں شکیل احمد بھٹی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر خالد احمد، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد، ڈی جی پی ایچ اے روبینہ اقبال عباسی، ایم ڈی بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











