لاہور، 6اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن کونسل کا 7 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کلین ائیر پالیسی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کلین ائیر پالیسی کے تحت متعلقہ محکموں کے جامع ایکشن پلان کی بھی منظوری دی گئی اور محکمہ ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ، انرجی، لیبر اور دیگرمتعلقہ محکموں کے ایکشن پلان کو بھی منظور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ محکمے پنجاب کلین ایئر پالیسی پر عملدرآمد کیلئے تفصیلی ورکنگ پلان تیار کریں گے اور پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پالیسی اور ایکشن پلان پر عملدر آمد کرے گی۔
اجلاس میں پنجاب پلاسٹک مینجمنٹ سٹریٹجی کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت پلاسٹک کی ری سائیکلنگ اور ری یوز کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ پلاسٹک کی ری سائیکلنگ اور ری یوز کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی اور اس ضمن میں مراعات بھی دی جائیں گی اور متعلقہ محکموں کی استعدادکار بڑھائی جائے گی اور بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
سیکرٹری ماحولیات نے پنجاب کلین ائیر پالیسی اور پنجاب پلاسٹک مینجمنٹ سٹریٹجی کے اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹریز ماحولیات، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، آبپاشی، سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ہاؤسنگ، صنعت، فاریسٹ، لوکل گورنمنٹ، ڈی جی انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











