ہرنائی، 03 مئی (اے پی پی):ہرنائی آل پارٹیز سماجی تنظیموں اور قبائلی عمائدین کی جانب سے ہرنائی کو درپیش مسائل کےحل روک تھام اور خاتمے کی مناسب سے ایک بڑے جرگے کا انقعاد میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار پر کیا گیا۔ جرگے کی قیادت قبائلی رہنما اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے سربراہ حاجی محمد نور ترین نے کی۔ جبکہ اس موقع پر ایم پی اے لیلیٰ ترین کے نمائندے ملک مہراللہ خان ترین، تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، قبائلی شخصیات،انجمن تاجران،سماجی تنظیموں کے قائدین،مذہبی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔جرگے میں ہرنائی کو درپیش مسائل کے خاتمے اور مسائل کی روک تھام کیلئے غورفکر کیا گیا جن میں ہرنائی سنجاوی قومی شاہراہ اور ہرنائی ٹو کچ موڑ این ایچ اے روڈ کی بندش، ہرنائی میں ترقیاتی کاموں کا نہ ہونا، ہرنائی حلقے کی بحالی پرودیگر مسائل شامل تھے۔ اس موقع ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا جو آنے والے وقتوں میں ہرنائی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اپنی جدوجہد کرئے گی۔











