سکھر،13مئی(اے پی پی): شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ایسو سی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) سکھر، بھٹائی سوشل واچ ، ایڈوکسی (بسوا) خیرپور، شعبہ میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹڈیز اور ینگ پیس ڈیولپمنٹ کور کی جانب سے سوشل میڈیا کا سماجی تبدیلی میں کردار کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ ورکشاپ کی صدارت یونیورسٹی کے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کی۔
اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور طلباءکی صلاحیات میں اضافے کے وسیع مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی سماجی و اقتصادی تبدیلی کے لیے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ضروری ہے۔
ڈاکٹر ابوپوٹو نے ورکشاپ کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی پہلو ہیں، ریاست کی ترقی اور دیرپا امن کے بیانیے کے فروغ اور مثبت تبدیلی کے لیے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اے پی پی سکھر کے جمیل احمد سومرو نے اے پی پی کے بابت بات کرتے ہوئے کہا کہ اے پی پی ایک قومی خبر راساں ادارہ ہے جو 1947 سے لیکر اب تک درست، بامقصد اور بلا تعطل خبریں فراہم کر کے قوم کی خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی اپنے متعدد پلیٹ فارمز کے ذریعے مستند خبروں کا مواد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے علاقے کے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں سرپرستی کرنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل سومرو کی کوششوں کو سراہا۔
ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینر سجاد حسین بھٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حقائق اور صداقت کے بارے میں خود پر یقین رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سماجی تبدیلی کے لیے ایک موثر کردار ادا کرتا ہے۔ سوشل میڈیا معاشرے میں لوگوں کی حوصلہ افزائی اور حوصلہ شکنی کا سب سے اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا شہری تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور کاروبار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے طلباءسیکھنے اور علم حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے علم کے فروغ اور تبدیلی کے لیے اس قسم کی ورکشاپ کے انعقاد پر وائسءچانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر بسوا خیرپور خادم حسین میرانی نے کہا کہ ہم شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے قریبی پارٹنر ہیں اور طلبہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے کام کر رہے ہیں کیونکہ وہ قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے بسوا کی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر علی رضا لاشاری انچارج اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سینٹر نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔
آخر میں شرکاءمیں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیئے گئے۔ ورکشاپ میں وائیس چانسلر کے سیکریٹری زوہیب شفقت میمن، بسوا کی پروجیکٹ منیجر فوزیہ حنیف و دیگر نے شرکت کی۔











