لاہور، 13 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلباؤ طالبات کیلئے سمرسکلز کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، محکمہ صنعت و تجارت،سکولز ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سمر سکلز کیمپ لگایا جائے گا اوراس حوالے سے 15مئی بروز سوموار تینوں محکموں کے مابین اشتراک کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔
سمر سکلز کیمپ کے دوران پنجاب بھر میں سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلباء طالبات کو 14مختلف ٹریڈزمیں تربیت دی جائے گی، پروگرام کے تحت گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران 1500طلباوطالبات کو 3ماہ کے شارٹ کورسز مفت کرائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمرسکلز کیمپ حکومت کا شاندار پروگرام ہے، سمرسکلز کیمپ کا انعقاد طلبہ و طالبات کے بہتر مستقبل کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے-
سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے سمرسکلز کیمپ بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروگرام کے تحت یکم جون سے 31اگست تک کلاسیں ہوں گی،تین ماہ کے شارٹ کورسز بالکل مفت ہوں گے،طلباو طالبات سے کوئی ٹیوشن اور امتحانی فیس نہیں لی جائے گی۔
سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ،سی اواو احمد خاور شہزاد،چئیرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن،سکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











