جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کراچی سے نکلنے والے قافلے کا نوشہرو فیروز میں شاندار استقبال

43

نوشہرو فیروز، 14 مئی (اے پی پی):جمعیت علمائے اسلام  (ف) کا اسلام آباد کے لیےکراچی سے نکلنے والا  قافلے کا نوشہرو فیروز میں شاندار استقبال کیا گیا  جبکہ مقامی قیادت کی جانب سے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری جی یو آئی ف مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر بیوقوف بنانے والے شخص نے ایک کروڑ گھر  پچاس لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔اس شخص نے کشکول توڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن اقتدار میں آکر ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ سی پیک کا بیڑہ غرق کیا۔ ایک ایسا شخص  جو60  ارب ہڑپ کر گیا، فارن فنڈنگ کیس سمیت پشاور سے لیکر نجی اور سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو جلانے میں مطلوب ہے۔  یہ شخص اسلامی تہذیب کو بگاڑنے میں مصروف شخص رہا۔

 راشد محمود کا کہنا تھا کہ آئین ہمارا ہے اس آئین کے لئے ہم نے جنازے اٹھائے ہیں، اسلام آباد   دھرنے میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان وہ اعلانات کریں گے جس کاکسی کو اندازہ ہی نہیں ہے۔

 اس موقع پر جے یو آ ئی  کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمان ڈنگراج  اکرم پیرزادو اور دیگر کارکنان بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ نوشہروفیروز کے بعد قافلہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔