سکھر،17مئی(اے پی پی): برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے بدھ کو سرسو ہیڈ کوارٹر سکھرکا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے ہنرمند دیہی خواتین کے کام کو سراہا۔
سرسو کے ترجمان جمیل سومرو کے مطابق کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کراچی کی ڈپٹی ہائی کمشنر اور ڈائریکٹر برائے تجارت پاکستان سارہ مونی نے سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن ( سرسو) کمپلیکس سکھر کا دورہ کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد ڈتل کلہوڑو نے ڈپٹی ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا اور تنظیم کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا۔ سارہ موونی نے سرسو کمپلیکس کے مختلف حصوں اور سیکٹرز کا معائنہ کیا، خاص طور پر کرافٹ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اور سرتیوں سنگ کرافٹس آؤٹ لیٹ پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے سندھ کی دستکاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور دیہی ہنرمند خواتین کے ہاتھ سے بنی اشیاءو ملبوسات کو سراہا۔
انہوں نے سرسو کی جانب سے دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے پر کئے گئے اقدامات اور سندھ میں دیہی برادریوں پر اس کے اثرات بارے معلومات بھی حاصل کیں۔اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سکھر ڈاکٹر محمد عیسیٰ خان دورہ کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔











