کوئٹہ،23 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سرینگر میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے باہر ریلی نکالی گئی۔مظاہرے میں پارٹی عہدیداروں و کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ،ریلی میں کارکنان کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں اور انڈیا مخالف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرے سے پی پی پی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جتک، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، کوئٹہ ڈویژن کے سینئر نائب صدر عبدالجبار خلجی، سمیت دیگر رہنماوں نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان 75 سالوں سے ناجائز طریقے سے کشمیر پر قابض ہے اور اب لاکھوں کشمیری کو شہید کرچکا ہے۔
مظاہرے میں شامل رہنماوں نے کہا کہ کشمیری ہندوستان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے، ہندوستان زبردستی کشمیر پر قابض ہے ،اس سال جو جی ٹوئنٹی کانفرنس کا انعقاد بھارت میں ہورہا ہے، بھارت کا مقصد مقبوضہ کشمیر پر اپنا مزید تسلط جماسکے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی کوئی داستان نہیں چھوڑی ہے مودی ہندوستان کا قصائی ہے۔
مظاہرے میں شرکاءنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری دنیا میں جہاں کہیں بھی گئے انہوں ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کی بات کی، مظلوم کشمیریوں کی بات کی۔











