گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد، پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے؛ صوبائی وزیر منصور قادر

67

 فیصل آباد،23 مئی (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر ہائر و سکول ایجو کیشن پنجاب منصور قادر نے کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی میں سولرسسٹم کی افتتاحی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور مستقبل کے مسائل کا حل یونیورسٹیا ں ہی نکالیں گی کیونکہ یونیورسٹیاں ریسرچ اور انوویشن کی آماجگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بہت آگے نکل چکی ہے، عبد اسلام جیسے سائنس دان پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

منصور قادرنے کہا کہ ویمن یونیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی حقیقی تبدیلی لانے والی یونیورسٹیوں میں شامل ہے بہت کم وقت میں بہت اہم مقام حاصل کر کے اپنی خاص پہچان بنا چکی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کلاس روم،لیبز، یونیورسٹی فٹنس فیوژن سنٹر،یونیورسٹی جناح آڈ ٹوریم،بزنس انکیوبیشن سنٹراورای روزگارسنٹر کا دورہ کیا اور تمام تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان سے ملا قات کی، ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے دورے کے دوران اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کیلئے اپنی آرا پیش کیں۔

 وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے یونیورسٹی کے تمام منصوبوں  کے متعلق آگاہ کیا اور یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی وتحقیقی کاموں کی رپورٹ پیش کی۔