گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں منعقدسمر کیمپ نوجوانوں کو موجودہ دور اور مقامی انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق فنی تعلیم سے آراستہ کرے گا؛ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

32

سیالکوٹ،1جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ  عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران میٹرک کے امتحانات سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کیلئے سمر کیمپ کا انعقاد نوجوانوں کو موجودہ دور اور مقامی انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، طالب علم  اپنی دلچسپی کے کورسز کا انتخاب کریں اور تربیتی سہولیات سے بھرپور استفاد ہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سمال انڈسٹریز کے ایم ڈی محمد عاصم جاوید کے ہمراہ سمر سکلز کیمپ 2023کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمد اعوان نے چھٹیوں کے دوران شارٹ ٹیکنیکل کورسز کے لئے لگائے گئے سمر کیمپ میں داخلہ لینے والے طالب علموں  کو مبارکباد دی اور ان کو ہدایت کی کہ وہ روائتی تعلیم کے ساتھ ایسے ٹیکنیکل کورسز کی تربیت حاصل کریں جن کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ڈیمانڈ ہے اور آپ کے لئے ملازمت یا اپنا کاروبار کرنے کے مواقع موجود ہوں، اس مقصد کیلئے نوجوان از خود تحقیق کریں اور اس کے مطابق اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی آج ہی سے شروع کردیں۔

ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن محمد عاصم جاوید نے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق معاشرے میں بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے سکلز پروگرامز کو کامیاب بنانے کیلئے ایسی سکلز کے شارٹ کورسز متعارف کروائے ہیں جن کی ناصرف ملک کے اندر بلکہ ملک کے باہر ڈیمانڈ ہے ان کورسز کو کروانے کیلئے سینئر اور ماہر ٹرینر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں کہا کہ ہائیر  اور سکول ایجوکیشن کے سربراہان اپنے اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ان کورسسز کی ترغیب دیں اور اس کے ساتھ ہی ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے تین سالہ ڈپلومہ کورسز میں کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کریں تاکہ بہترین ہیومین ریسورس تیار کیا سکے۔

 ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بعد ازاں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور تربیتی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔