پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات لا رہے ہیں؛ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

20

لاہور،02 جون  (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات لا رہے ہی۔انہوں نے کہا کہ  ایک مریض کے علاج میں نرس کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نرسنگ شعبہ کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔  انھوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آئندہ وائس چانسلر یا وزیر ایک نرس بنے،  ہمیں نرسنگ شعبہ میں رول ماڈل بنانے ہوں گے۔

  ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں نیا نرسنگ سکول بنانے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نرسنگ شعبہ کی بہتری چاہتے ہیں۔ اللہ پاک نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔میرے اور میرے خاندان کے خون میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی رچی بسی ہوئی ہے۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کو اپنے خاندان کا فرد  سمجھ کر اسکی خدمت کریں۔  انھوں نے کہا کہ نرسوں کو جدید کورسز کروائے جائیں گے اور انشاللہ نرسنگ شعبہ کو نیکسٹ لیول پر لے کر جانا ہے۔   انھوں نے کہا کہ ہمیں مریضوں کی خدمت کرکے انکی دعائیں سمیٹنی ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں صحت کے نظام کا نرسوں کے بغیر کوئی وجود نہیں،ہم نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کرکے دعائیں لینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ پروفیشن نے اپنی خدمات کی بنیاد پر ہمیشہ عزت کمائی ہے۔ آج نرسوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ریاست علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، پرنسپل بلقیس، وائس پرنسپل کالج آف نرسنگ نویدہ اسلم اور نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔