ٹنڈو آدم،12جون (اے پی پی):نجی اسکولنگ سسٹم کی سی ای او پیٹریشیا سرنگ ھوسن نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار تعلیم کے لحاظ سے بہترین ممالک میں ہوتا ہے، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب میں موجودہ حالات کے مطابق تبدیلیوں کی ضرورت ہے، سندھ کے نجی اسکولوں میں مادری زبانین ضرور پڑھائی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں نجی سکولنگ سسٹم کے تحت چلنے والے ادارے لینگویج ماسٹر کی طرف سے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبانوں کا پڑھنا اور مطالعہ بہت ضروری ہے جس سے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام اسکولوں میں پرائمری سے کالج لیول تک مادری زبانیں پڑھائی جائیں اور سندھ کے تمام نجی اسکولوں میں خاص طور پر سندھی کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے۔
پیٹریشیا سرنگ ھوسن نے کہا کہ سندھ میں ماسٹر اسکولنگ سسٹم کی بہت سی شاخیں تعلیم کے میدان میں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب کو بہتر کرنا ضروری ہوگیا ہے، کیونکہ نصاب جدید دور سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر سکولنگ سسٹم اپنی تمام شاخوں میں دنیا کی جدید ترین تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر لینگویج ماسٹر یاسین ملک نے کہا کہ ان کا ادارہ ہر سال پوزیشنز حاصل کرنے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء اور اساتذہ میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کرتا ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیم پر زیادہ توجہ دے سکیں۔
اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات اور اسناد دی گئیں جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو شیلڈز دی گئیں اور مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔











