سیالکوٹ۔13 جون (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ ضلعی، تحصیل لیول اور بنیادی مراکز صحت کے مسائل حل کئے جائیں گے، ضلع سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتالوں میں ترقیاتی منصوبوں، ڈاکٹرز و طبی عملہ کی پوسٹوں کی منظوری کیلئے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں ضلع سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،نگران صوبائی وزیر نے ہیلتھ کئیر سہولیات کی بہتری کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور موثر انداز میں نگرانی پر ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم کو سراہا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان، پرنسپل ڈاکٹر عبدالستار، ایم ایس ڈاکٹر الیاس بھی ہمراہ تھے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر نگران صوبائی وزیر صحت نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال اور سول ہسپتال سمبڑیال کا بھی دورہ کیا، ایمرجنسی وارڈ، سرجیکل وارڈ، لیب کا بھی معائنہ کیا اور سہولیات بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے لیب میں کوالٹی کنٹرول کے حوالے سے معیار برقرار نہ رکھنے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹیچنگ ہسپتال کی لیبارٹری سپروائزر کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ہسپتال سٹورز میں موجود ادویات ہی تجویز کی جائیں، ٹیسٹوں کے کوالٹی بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔نگران صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر و عملہ ڈیوٹی کے دوران اوورآل پہنیں، آفیشل کارڈ آویزاں کیا جائے۔نگران صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ٹی ایچ کیو کوٹلی لوہاراں میں ڈاکٹرز و عملہ کی پوسٹوں کی منظوری، ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈسکہ میں ٹراما سنٹر اور اولڈ بلاک کی بحالی کے لیے فنڈز کی فراہمی، ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور میں نئی ایکسرے مشین کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔











