ملتان؛کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاٹن ایکشن پلان کی تیاری کے سلسلہ میں اجلاس

23

ملتان ، 14 جون (اے پی پی ):نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر کپاس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے کاٹن ایکشن پلان کی تیاری کے سلسلہ میں اجلاس کا انعقاد،اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق کاٹن ایکشن پلان کی تیاری مقررہ وقت کے مطابق مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل پر تحقیق کا عمل اس انداز میں نہیں ہوا جس کیلئے اس اہم ترین فصل کو ضرورت تھی،یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں فی ایکڑ پیداوار 20 من ہے جبکہ چین،امریکہ اور آسٹریلیا میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار 60 من سے زائد ہے۔

 ثاقب ظفر نے کہا کہ کپاس کی کلائمیٹ سمارٹ اقسام پر ریسرچ کے عمل کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ جلد ایسی اقسام کی دریافت سے مثبت ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچائے جاسکیں۔ اس مقصد کے حصول کیلئے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو فیاضانہ وسائل اور فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کاٹن ایکشن پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ میں کپاس کی اس فصل اور آئندہ فصل سے بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے ماہرین سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں جن کی روشنی میں جلد کاٹن ایکشن پلان تیار کرکے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کو پیش کردیا جائے گا۔

 بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ زرعی سائنسدانوں، انجینئرزو دیگر اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے صوبہ میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے قابل عمل سفارشات پر مبنی کاٹن ایکشن پلان کی تیاری آخری مراحل میں ہے جو دس یوم کے اندر  ایڈیشنل چیف سیکرٹری صاحب کو پیش کردی جائے گی۔

انہوں نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ گلابی سنڈی اور سفید مکھی کپاس پر حملہ آور ہونے والے ایسے ضرر رساں کیڑے ہیں جو کپاس کی ناکامی کا باعث بن رہے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے جاری گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے آف سیزن مینجمنٹ مہم اتنی کارگر ثابت نہیں ہوسکی لہٰذا اس کے تدارک کا صرف ایک ہی حل ہے مکینکل بول پکرز تیار کرکے کاشتکاروں کے فیلڈز میں چلائے جائیں۔