نوشہرہ ورکاں ،18 جون ( اے پی پی): نوشہرہ ورکاں کے بائیس نوجوان یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ،کڑیال کلاں کے بارہ نوجوان حادثے میں شامل ہیں ، اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں اور پیاروں کی زندگی کے لیے معجزے کی دعائیں کر رہے ہیں ۔
یونان کے قریب لیبیا سے اٹلی جانے والی تارکین وطن کی ڈوبنے والی کشتی میں نوشہرہ ورکاں اور قریبی دیہاتوں کے بائیس نوجوان سوار تھے جبکہ ایک ہی گاؤں کڑیال کلاں کے اکمل،عمران،وحید،آیاز،خالق،ابوبکر،حیدر علی،بلال اور امجد سمیت بارہ نوجوان کشتی حادثہ کا شکار ہوئے ہیں ۔موضع بھاکرانوالی کے شاہ زیب ،محمد جاوید،انعام اور وجاہت علی بھی بدقسمت کشتی میں سوار تھے ۔نواحی گاؤں منگوکی ورکاں کا نوجوان حماد علی ولد محمد بوٹا بھی کشتی حادثہ میں لاپتہ ہوگیا ۔موضع میلو ورکاں کے رہائشی دو کزن اسامہ اور ارسلان بھی لاپتہ نوجوانوں میں شامل ہیں ۔موضع نتھو سویا کےاسد اللہ اور ارسلان جبکہ چک پاکھر کے رہائشی اسداللہ گوندل کی حادثہ کا شکار کشتی کے مسافر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے ۔
نوجوانوں کو سہانے مستقبل کے سپنے دکھا کر لیبیا بھیجنے والے ایجنٹ گھروں کو تالے لگا کر غائب ہوگئے ہیں ۔ نوجوانوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی خبر کے لیے انتہائی پریشان ہیں۔ لاپتہ نوجوانوں کے گھروں اور علاقہ میں شدید غم اورسوگ کا سماں ہے ۔ اہلخانہ غم سے نڈھال اپنے پیاروں کی زندگی کے لیے معجزے کی دعائیں کررہے ہیں۔
اس حوالے سے سماجی حلقوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کو روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں ،آئے روز ہی غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے کوئی اندوہناک واقعہ رونما ہوتا ہے لیکن ادارے انسانی سمگلنگ پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔











