نوشہروفیروز؛ ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نےضلع کونسل کے منتخب چیئرمین و وائس چيئرمين سے حلف لے لیا

31

 

نوشہروفیروز،20 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نےضلع کونسل کے منتخب چیئرمین سہیل اختر عباسی،  وائس چیئرمین علی شیر بھرٹ، میونسپل کمیٹی نوشہروفیروز کے منتخب چیئرمین پیر قربان سہروردی، وائس چيئرمين ڈاکٹر کاشف مصطفيٰ میمن، میونسپل کمیٹی مورو کے منتخب چیئرمین نذیر احمد میمن اور وائس چیئرمین انور علی قائم خانی سے الگ الگ حلف لے  لیا ہے ۔

 پبلک پارک میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں سابق صوبائی وزیر ضیاء الحسن لنجار، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی مولا بخش مبیجو، رکن صوبائی اسمبلی ممتاز علی چانڈیو، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر فیروز احمد جمالی، ایس ایس پی عبدالقيوم پتافی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمار حسين، اسسٹنٹ کمشنر نوشہروفيروز عبدالخالق بلوچ مختلف یونین کونسلوں کے نو منتخب چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد آپ پر ذمہ داری عائد ہو گئی ہے کہ آپ لوگ عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع کی ترقی کے لئے کام کریں اور اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور بلا تفریق عوام کی خدمت کریں ۔انہوں نے حلف اٹھا نے والوں کو مبارکباد پیش کی۔