بھکر؛ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے جھنگ موڑ پر قائم کردہ کسان بازار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

19

بھکر،24 جون (اے پی پی ): کمشنر محمد اجمل بھٹی نے حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کیمطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جھنگ موڑ پر قائم کردہ کسان بازار کا باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امسال حکومت پنجاب نے کپاس کی کاشت پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے کیونکہ یہ ایک منافع بخش فصل ہے جسکی بیرونی ممالک بھی طلب ہے اور اس سے کسانوں کو بھی معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کو ایک لاکھ اسی ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ دیا گیا تھا جو کہ ہم نے کامیابی کیساتھ ایک سو تیرہ فیصد تک حاصل کرلیا ہے۔

 کمشنر محمد اجمل بھٹی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا کسان بازار لگانے کا بنیادی مقصد کپاس کے کاشتکار بھائیوں کو ایک چھت تلے تمام سروسز میسر کرنا ہے اور تمام ادویات کی دستیابی کو کسان بازار میں یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت ایکسٹینشن سروسز پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے کسانوں کو کپاس کی کاشت بارے مفید معلومات فراہم کریں فیلڈ میں کاشت کردہ کپاس کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور کپاس کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔