سیالکوٹ ،24جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت برائے سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں انجیو گرافی مشین ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر دی جائے گی ، ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وارڈز میں ائیر کنڈیشنر فنکشنل رکھیں جائیں اور مریضوں کو ہسپتال سے ہی ادویات فراہم کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رات گئے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان ، پرنسپل ڈاکٹر عبدالستار، ایم ایس ڈاکٹر الیاس ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سید حماد رضا بخاری بھی موجود تھے۔
نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایمرجنسی اور کارڈیالوجی سنٹرز کا تفصیلی دورہ کیا ، زیر علاج مریضوں کا خود بھی معائنہ کیا ، انکے ہسپتال چارٹ چیک کئے اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز و سٹاف سے ان کی تشخیص اور علاج بارے دریافت کیا جبکہ مریضوں سے طبی سہولیات بارے استسفار کیا۔
نگران وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں نگران حکومت مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی ، ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، آئندہ جب سیالکوٹ آؤں گا تو انجیو گرافی مشین لگ چکی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ا وارڈز میں بعض ائیر کنڈیشنر اور مانیٹرز خراب ہونے کا فوری نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ اے سی اور طبی آلات فوری ٹھیک کرائےجائیں، یقینی بنایا جائے کہ مریضوں کو ٹیسٹ کرانے پرائیویٹ لیب نہ جانا پڑے۔
نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے کارڈیالوجی سنٹر کے قیام کے لیے افضل الیکٹرانک کی خدمات کو سراہا۔ نگران وزیر صحت نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال مینجمنٹ کی کارکردگی کی تعریف کی ۔











