مری؛ عید الضحیٰ پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال، چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس

15

مری، 26 جون (اے پی پی ): صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے عید الضحیٰ پر مری میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح ہاؤس مری میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر  نے کہا کہ تمام محکمے مکمل ہم آہنگی اور قریبی تعاون سے کام کریں ،ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی ریسکیو مشنری چالو حالت میں رکھیں۔

اجلاس میں پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، ہائی وے، جنگلات، ریسکیو 1122،شہری دفاع، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں نے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا  کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے مری میں پتریاٹہ اور لوئر ٹوپہ پر موبائل کلینک قائم کئے گے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ  سیاحوں کے رش کے پیش نظر ٹی ایچ کیو مری کو 14 نرسز فراہم کی گئیں ہیں،عید الضحیٰ کے انتظامات تسلی بخش ہیں، انتظامی افسران متحرک ہو کر کام کر رہے ہیں۔

  چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ مری کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے مقامی کمیونٹی کو شامل کریں ۔عید الضحیٰ پر صفائی، سیکورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پلانز پر سختی سے عمل کیا جائے جبکہ سات سہولت مراکز اور ایک کنٹرول روم میں 18 محکمے سیاحوں کی مدد کیلئے الرٹ ہیں۔

کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ  نے کہا ہے کہ 26 سی سی ٹی وے کیمروں سے مری کے اہم مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،ٹریفک اور کم پارکنگ کی جگ، لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کی فعال منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روڈز پر ڈبل پارکنگ پر پابندی ہے، مری میں داخل اور خارج ہونیوالی گاڑیوں کی تعداد گنی جا رہی ہے۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی  نے کہا کہ 700 پولیس فورس اور 300 ٹریفک وارڈنز مری میں مکمل طور پر الرٹ ہیں ،مری کو تین سیکیورٹی زون میں تقسیم کیا ہے، ڈالفن فورس بھی گشت کرتی ہے۔سیاحوں کی جان و مال کو مکمل تحفظ دینے کیلئے الرٹ ہیں۔