ڈی جی خان؛کمشنر کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف مراکز کا اچانک دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

46

 

ڈیرہ غازی خان،26جون (اے پی پی):کمشنر  ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کے ہمراہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف مراکز کے اچانک دورے کئے  اور مراکز میں امدادی رقوم کی تقسیم کے مراحل اور سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا،خواتین اور عملہ سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بہتری کےلئے ہدایات جاری کیں  ۔

 کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ حبیب بنک کے نیٹ ورک میں تعطل سے مسائل جنم لے رہے ہیں،مقامی زونل منیجر کے ساتھ صوبائی سطح کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں،بنک کا لنک ڈاون ہونے کی وجہ سے رقم کی تقسیم میں تعطل پیدا ہوا ہے،سسٹم کی بحالی کےلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں جس کےلئے بسپ اور بنک انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ڈی جی خان کی مستحق خواتین میں 50 فیصد امدادی رقوم تقسیم کی جاچکی ہیں اسی طرح ضلع راجن پور میں 62 فیصد،ضلع مظفر گڑھ میں 48 اور ضلع لیہ میں 26 فیصد امدادی رقوم تقسیم کی جاچکی ہیں، امدادی رقوم کی تقسیم کے مراکز میں بہتر سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ شدید گرمی اور حبس میں عوامی مشکلات کا احساس ہے،عوام محکموں کے ساتھ تعاون کریں،نظم و ضبط بہتر کرکے احسن انداز میں مالی امداد کی اقساط دی جاسکتی ہیں۔