گوجرانوالہ، 1 ہزار 62 لیٹر معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں، خالی بوتلیں،کیمیکلز اور کھلے رنگ تلف کر دیے گئے

55

گوجرانوالہ3جولائی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا خفیہ اطلاع ملنے پر سمن آباد چونگی پر واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ، 1ہزار 62 لٹر معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں، خالی بوتلیں،کیمیکلز اور کھلے رنگ تلف کردیے جبکہ جعلی لیبلز،ڈھکن،پریشر پمپ،مشینری اور گیس سلنڈر ضبط کر کے جعل سازی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز سے تیار محلول نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا۔جعلی بوتلوں کو مختلف چھوٹی بڑی دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔ جعلی بوتلوں کا گھناؤنا دھندہ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ملاوٹ  اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر دیں۔