لاہور، 7 جولائی(اے پی پی): نگران وزیر منصوبہ بندی، جنگلات و ماحولیات بلال افضل نے سرگودھا کے دورہ کے دوران کمشنر آفس میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کےلئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
کمشنر محمد اجمل بھٹی اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
ریسکیو 1122, آبپاشی، لائیو سٹاک ، زراعت اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دریاوں اور نالہ جات کی مسلسل نگرانی کی جائے۔دریاؤں کے قریب بسنے والے گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں ۔ بلال افضل نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کے کھانے پینے ،علاج معالجہ اور رہائش کا مناسب انتظام کیا جائے۔ جانوروں کی ویکسینیشن اور چارے کا بھی بندوبست کیا جائے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے دریاوں میں پانی کی صورتحال کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائے۔ متعلقہ ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے والی مشینری فعال رکھیں۔شہری علاقوں میں نکاسی کے نالوں کی ڈی سلٹنگ یقینی بنائی جائے۔ بلال افضل نے کہا کہ ریسیکو 1122 اور پی ڈی ایم اے کی مکمل معاونت کی جائے۔
انھوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بارشوں میں سرگودھا ڈویژن متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ الرٹ رہا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت نے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔











