راجن پور،08جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راجن پور ڈاکٹر منصور احمد خان بلوچ نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد خان مزاری اورایم این اے سردار ریاض محمود خان مزاری کے ہمراہ تحصیل روجھان کے وارڈ نمبر 1 تا 4 میں سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری نے کہاکہ تحصیل روجھان مزاری پنجاب کی آخری تحصیل اور صوبہ سندھ اور بلوچستان کے بارڈرز پر واقع ہے، یہاں کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سابقہ ادوار میں خاص توجہ نہ دی گئی مگر اب وفاقی اور صوبائی حکومت کیجانب سے میگا پراجیکٹس جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سوئی کے مقام سے جانیوالی سوئی گیس کی مین لائین ہمارے علاقہ سے گذر کر جاتی ہے مگرہم اس سہولت سے محروم تھے جس کیلئے میں نے اور میر دوست محمد خان مزاری نے متحرک آواز اٹھائی اور آج یہاں کی عوام سے کیئے گئے وعدے کو وفا کردیا۔
سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار میر دوست محمد خان مزاری نے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، موجودہ عوام دوست جمہوری حکومت جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے نچلی سطح پر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روجھان تحصیل کو پنجاب کی بڑی تحصیلوں کے برابر لاکھڑا کرنے کا ہمارا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہونےکے قریب تر ہے۔
تقریب میں سابق مشیر وزیراعظم سردار فرحت عزیز خان مزاری، اسسٹنٹ کمشنر روجھان محمد قاسم اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملکی امن و سلامتی استحکام اور ترقی کیلئے دعا کی گئی۔
بعد ازاں تحصیل روجھان کے شہریوں نے سوئی گیس کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مقامی نمائندگان اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔











