نو منتخب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان  نے حلف اٹھا لیا

14

گلگت ،13جولائی(اے پی پی):نو منتخب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان  نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا  ہے۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ان سے حلف لیا۔ اس ضمن میں ایک مختصر تقریب گورنر ہاؤس گلگت میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں  گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران ،سیاسی کارکنان ،سول سوسائٹی کے اراکین، اعلیٰ حکومتی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

حاجی گلبر خان کا تعلق گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقے ضلع دیامر تانگیر سے ہے۔حاجی گلبر خان پہلی مرتبہ  نومبر 2009ء کے انتخابات میں جے یو آئی ف کے ٹکٹ پر  قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے رکن منتخب ہوئے، 2009ء میں پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت میں حاجی گلبر خان وزیرِ صحت رہے۔ 2015ء میں ن لیگ کے امیدوار نے  حاجی گلبر کو شکست دی۔2020 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے اور وزیرِ صحت رہے مگر 9 مئی کے واقعے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہا اور  اس واقعے کی   مذمت کی۔اس کے بعد ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے 4 دوسرے ممبران کے ساتھ ملکر فارورڈ بلاک بنایا۔

  جمعرات کو وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ ن ،پاکستان پیپلز پارٹی ،جمیعت علماء اسلام ف نے  فارورڈ بلاک کے اراکین کے ساتھ ملکر حاجی گلبر خان کو وزارت اعلیٰ کے منصب تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔