اسلام آباد،21جولائی(اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے پیش نظر اسلام آباد میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جمعہ کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ و ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے محرم کے دوران اسلام آباد میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ حساس تنصیبات کے رہائشیوں کی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کے لئے ڈرون کیمروں پر پابندی عائد کی گئی۔
ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی لگانے کا مقصد اسلام آباد ضلع کی ریونیو/علاقائی حدود میں عوامی امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں آج سے 2 ماہ تک ڈرون کیمروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، مجسٹریٹس اور اسلام آباد پولیس کو نوٹیفکیشن اور ان ہدایات پر سختی سے عمل کرانے کی تاکید کی ہے۔











