دکی، 24 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر میران بلوچ کی ہدایت پر رسالدار ستار خان لونی کی سربراہی میں لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوسڑی سے 37.370 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمدکرکے دو ملزمان گرفتار کرلئے ہیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد حنیف کبزئی نے رسالدار ستار خان لونی ،رسالدار میجر علی محمد شادوزئی،رسالدار اسرار احمد ترین ،رسالدار راحت زرکون اور نائب رسالدار شاہ محمد ترین کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس دکی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکی لیویز نے ڈپٹی کمشنر دکی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر دکی ضلع میں مختلف سڑکوں پر ناکے لگوائے ہیں۔اتوار کی شب 8 بجے نرہن کے مقام پر لیویز فورس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکا ،ڈرائیور نے گاڑی روک کر دوبارہ ہوسڑی کی جانب گاڑی بھگا دی ۔رسالدار لیویز ستار خان لونی نے لیویز تھانہ ہوسڑی کو مطلع کرکے گاڑی کا پیچھا کیا۔ہوسڑی پہنچنے پر لیویز نے گاڑی قبضے میں لے کر منشیات کے دوسمگلرزعبدالرزاق اور رحمت اللہ ساکنان پشین گرفتار کرلئے جبکہ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 37.370 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی ہے جسکی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے۔
گرفتار ملزمان کا تعلق پشین شہر اور سرخاب کمیپ سے ہے،چرس کوہلو کے راستے پنجاب سمگل کی جارہی تھی۔لیویز نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔











