لاہور، 25 جولائی ( اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کی دیکھ بھال کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس وزیر ہاؤسنگ، اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر اور وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر کی زیر صدارت بادشاہی مسجد میں ہوا۔ سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری آرکائیوز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر لاہور میوزیم سمیت ٹیپا، والڈ سٹی اتھارٹی، آئی ڈی اے پی سمیت دیگر محکمہ جات کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔ بادشاہی مسجد میں موجود 26 تبرکات مقدسہ کو موجودہ مقام پر رکھنے یا مناسب متبادل مقام پر منتقل کرنے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ، اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ دنیا بھر میں مقدس مذہبی تبرکات کے لیے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔ ہمیں ان تبرکات مقدسہ کو جدید سائنسی اصولوں کی مدد سے محفوظ بنانے کی جانب قدم بڑھانا ہو گا۔ نگران وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے کہا کہ تبرکات مقدسہ کی منتقلی کے معاملے پر مذہبی جذبات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ دنیا بھر میں تبرکات مقدمہ کو ترجیحاً عجائب گھروں میں رکھا جاتا ہے۔ نگران وزیر بیرسٹر اظفر علی ناصر نے مزید کہا کہ تبرکات مقدسہ کو مزید خراب ہونے سے بچانا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔ ہم چاہتے ہیں ہماری اگلی نسلیں بھی ان تبرکات کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے نامزد کردہ تکنیکی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی تبرکات مقدسہ کی مجوزہ متبادل مقامات اور سکیورٹی سے متعلق اپنی سفارشات دس روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔











