ملتان، عام خاص باغ میں موجود کینٹین  کی بجلی چوری پکڑ لی گئی ، 10لاکھ روپے ریکوری عائد

40

 

ملتان ،یکم اگست(اے پی پی ): کمشنر ملتان کی ہدایات پر ڈی جی پی ایچ اے ملتان اور واپڈا کی اسپیشل ٹاسک فورس نے عام خاص باغ میں موجود کینٹین پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری پکڑ لی اور  میٹر و دیگر تاروں کو قبضے میں لے کر ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔کینٹین کے مالک آصف رضا پر 10لاکھ روپے کی ریکوری بھی ڈال دی گئی ہے۔عاقل قریشی نے جو پی ایچ اے کا ملازم ہے بھائی کے نام پر کینٹین ٹھیکہ پر لے رکھی تھی۔

ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اسامہ نے آپریشن کی نگرانی کی، اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ ملک تنویر حسین بھی ہمراہ تھے۔کارروائی کے بعد ڈائریکٹر جنرل آصف روف خان نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسی سرگرمیوں کے لئے ادارہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔