ڈیرہ غازی خان، 04 قاگست (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ ریجن کے تمام اضلاع کے سربراہان اپنی نگرانی میں پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کی آن لائن تکمیل کو یقینی بنائیں۔
یہ بات ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ریجن کے چاروں اضلاع کی کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سے کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔میٹنگ میں قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈی جی خان بختیار احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفر گڑھ سید حسنین رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ اسدالرحمن نے شرکت کی۔ آر پی اونے میٹنگ میں تمام اضلاع کی مجموعی کارکردگی ،کرائم کی صورتحال اور حساس مقامات و غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔آر پی او نے جملہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو تین یوم میں کارکردگی میں بہتر ی لانے کے احکامات جاری کئے۔مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آر پی او نے احکامات جاری کئے کہ تھانہ جات میں سائلین کی بروقت داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ 1787 سے موصول ہونے والی شکایات اوردرخواستوں کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کاروائی کے بعد داخل دفتر کیا جائے اور سرکل افسران تمام زیر تفتیش مقدمات میں تصدیقی ضمنیات تحریر کریں۔انہوں نے کہا کہ تھانہ جات پر زیرتفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرکے پینڈنگ چالان بروقت عدالتوں میں بھجوائے جائیں ۔ فرانزک سائنس کی پینڈنگ رپورٹس منگوانے کے لیے تحرک کیا جائے،اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف کاروائیوں میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں اور داخلی خارجی راستوں پر سمارٹ ویری فیکیشن اینڈ الرٹ سسٹم (SVAS) اور ای پولیس ایپ کے ذریعے سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے اور ریجن کے تمام اضلاع کے سربراہان اپنی نگرانی میں پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کی آن لائن تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











