ڈیرہ غازی خان،05 اگست(اے پی پی ): آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس دوران کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے قراداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
سیمینار میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر،آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ڈی پی او حسن افضل،صدر بار قیصر عباس خٹک، ممبر صوبائی علماء بورڈ مولانا محمد خان لغاری، محکموں کے افسران و ملازمین،وکلاء،تاجر صحافی برادری،علمائے کرام،سول سوسائٹی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینارمیں طلبا وطالبات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملی نغمے پیش کئے۔اس موقع پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے بارے ڈاکیومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کی آزادی جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے۔ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنا عالمی قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کی آواز ہر فورم تک پہنچائی جائیگی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم استحصال پر کشمیری شہداء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بحیثیت قوم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب ایک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ 5اگست2019کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر کو پامال کیا۔ڈیرہ غازی خان کے غیور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔کشمیر معاملے پر ہم متحد ہیں،بھارتیوں کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا احساس پوری دنیا میں اجاگر ہورہا ہے۔
ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ کشمیر واحد ریاست ہے جہاں دہشتگردی کی سرپرستی خود بھارتی حکومت کررہی ہے۔کشمیری اراضی کو بھارتی شہری خرید سکتے ہیں یہ حق تلفی نہیں ہونے دی جائیگی۔
صدر بار قیصر عباس خٹک نے کہا کہ پاکستانی قوم دل وجان سے کشمیریوں کے ساتھ ہے۔وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی چھین کر پاکستان سے الحاق کریں گے۔ممبر صوبائی علماء بورڈ مولانا محمد خان لغاری،حافظ احمد حسن اور دیگر نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سیمینار میں کشمیریوں کی آزادی اور ملکی سا لمیت کیلئے دعا بھی کی گئی۔











