نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن اور ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی منظوری

38

لاہور، 5اگست(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور، گوجرانوالہ او رفیصل آباد کے چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن اور ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی اصولی منظوری دی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور زو میں فیملی پیکیج، سمر پیکیج او ردیگر پیکیجز متعارف کرانے کی ہدایت دی اور  لاہور کے چڑیا گھر میں 146 سے زائد نئے جانور لانے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سری لنکا سے ہاتھی، آسٹریلیا سے کینگرو، چین سے پانڈا او ردیگر ممالک سے نئے جانور لائے جائیں گے۔ چڑیا گھر میں جانوروں کے لئے ماڈرن کیج بنائے جائیں گے اور شیر،چیتے، بھالو او رریچھ کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں لاہور کے سفاری پارک میں نائٹ سفاری شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سفاری زو میں افریقن ڈیزرٹ سفاری متعارف کرائی جائے گی اور لاہورسفاری زو میں ایکوریم میں 142اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔

محسن نقوی نے سفاری پارک میں جانوروں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ لاہور زو کے ہل ٹاپ پر برڈ سفاری بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے جلو پارک اورچھانگا مانگا زو کی اپ گریڈیشن کے لئے پلان طلب کر لیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیصل آباد میں کلیم شہید روڈ پر 54 ایکڑ اراضی پر سفاری زو قائم ہوگا۔گوجرانوالہ میں چڑیا گھر کے قیام کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی جس کی سربراہی صوبائی وزیر بلال افضل کریں گے۔

صوبائی وزیر بلال افضل،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز سی اینڈ ڈبلیو، فنانس، جنگلات، کمشنرلاہور ڈویژن،ڈی جی وائلڈ لائف او ر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔